پنجاب حکومت کی ایل ڈی اے کے اختیارات میں اضافے کی منظوری

07-06-2024

(لاہور نیوز) پنجاب حکومت کا ایل ڈی اے کے حوالے سے بڑا فیصلہ آ گیا، ایل ڈی اے کے اختیارات میں اضافے کی اصولی منظوری دے دی گئی۔

ایل ڈی اے کی جانب سے وزیراعلیٰ مریم نواز کو بلڈنگ کنٹرول ،غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی اور ریونیو سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی، وزیراعلیٰ پنجاب نے ایل ڈی اے کی غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائیوں کو سراہا جس کے بعد پنجاب حکومت نے نیا حکم نامہ صادر کر دیا، دس سال بعد ایل ڈی اے کو مزید بااختیار کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ دس سال قبل ایل ڈی اے ایکٹ 1975 میں ترمیم کرکے اختیارات بڑھائے گئے تھے، شہباز شریف حکومت میں ایل ڈی اے ترمیمی ایکٹ 2014 نافذ کیا گیا تھا، ایل ڈی اے کو شہر میں لینڈ یوز کی ذمہ داری تفویض کی گئی تھی، لاہور کے 1772 مربع کلومیٹر میں بلڈنگ کنٹرول کی ذمہ داری ایل ڈی اے کی ہو گی۔ غیر قانونی تعمیرات اور غیر قانونی کمرشلائزیشن کے خلاف کارروائی بھی ایل ڈی اے کی ہو گی، کمرشلائزیشن فیس کی مد میں ریکوری بھی ایل ڈی اے کرے گا، رواں مالی سال کمرشلائزیشن فیس کی مد میں 46 ارب روپے کی ریکوری کی جائے گی۔