موجودہ نظام کے تحت ملک نہیں چل سکتا: مفتاح اسماعیل
07-06-2024
(لاہور نیوز) سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ پاکستان کا نظام صرف اشرافیہ کے کام آتا ہے، موجودہ نظام کے تحت ملک نہیں چل سکتا۔
عوام پاکستان پارٹی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ یہ نظام بدلنے کیلئے نئی پارٹی بنائی، یہ نظام پاکستان کو آگے بڑھنے نہیں دیتا، ملک میں 2 کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں، مڈل کلاس پاکستانی کو مارا جا رہا ہے۔ پاکستان کا نظام شکاری اور عوام شکار ہیں انہوں نے کہا کہ بجٹ میں نوکری پیشہ افراد کا ٹیکس دگنا کر دیا گیا، پاکستان کا نظام شکاری اور عوام شکار ہیں ، بجٹ حکمرانوں کی ترجیحات کی بہترین عکاسی ہے ، 10 کروڑ عوام خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں، کیا حکومت ایسٹ انڈیا کمپنی چلا رہی ہے؟ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ جو نظام عوام کا تحفظ نہیں کر سکتا وہ نظام نہیں چل سکتا ، ہم ایسے نظام کو چلنے نہیں دیں گے، وہ پاکستان ہمیں منظور نہیں جس میں ظلم کا نظام ہوں، پاکستان میں نظام درست نہیں اس لئے ہم دوسرے ممالک سے پیچھے رہ گئے۔ عام لوگوں کو بھی اس نظام کو ٹھیک کرنے کیلئے سیاست میں آنا ہو گا انہوں نے کہا کہ اب عام لوگوں کو بھی اس نظام کو ٹھیک کرنے کیلئے سیاست میں آنا ہو گا، ہم اپنی جماعت میں بھی میرٹ لے کر آئیں گے ، یہ ملک اس لئے بنا کہ ہر کوئی آگے بڑھ سکے ، ہم اپنے نوجوانوں کو مایوس نہیں دیکھنا چاہتے، یہ کیسا ملک سے جس میں 90 فیصد لوگوں کو کہا جاتا ہے کہ آپ آگے نہیں بڑھ سکتے۔ مفتاح اسماعیل کا مزید کہنا تھا کہ 30 سال سے ملک میں دہشت گردی ہو رہی ہے، اب پھر ملک میں دہشت گردی کے خلاف آپریشن کی باتیں ہو رہی ہیں ، اللہ کرے ہم اس آپریشن میں کامیاب ہوں۔