مریم نواز نے پنجاب ہونہار میرٹ سکالر شپ پروگرام کی منظوری دیدی

07-06-2024

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب ہونہار میرٹ سکالر شپ پروگرام کی منظوری دے دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے ہونہار سکالر شپ کی تعداد 4 ہزار سے بڑھا کر 25 ہزار کرنے کی ہدایت کر دی، سرکاری اور 8 نجی جامعات سے بی ایس کرنے والے طلبہ کی 100 فیصد فیس سکالرشپ سے ادا ہوں گی۔ جہلم، وہاڑی اور بہاولنگر میں نئی یونیورسٹیوں کے فوری قیام کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے لیپ ٹاپ سکیم کے فوری اجرا کے لئے ہدایات جاری کر دیں، اسی طرح طلبہ کی کم تعداد والے کالجز میں نئے ڈسپلن متعارف کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جاب مارکیٹ کی ضروریات سے منسلک ڈسپلن متعارف کرائے جائیں گے۔ ڈویژنل ڈائریکٹرز اور پرنسپل کی تعیناتی کے لئے آن لائن پورٹل سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اجلاس میں  سرکاری کالجز میں نئی بسوں کی فراہمی کا پلان پیش کیا گیا ،  پرائیویٹ پبلک پارٹنر شپ کے تحت یونیورسٹیوں کے قیام کی سفارشات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں نجی یونیورسٹیو ں کے امور کاجائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطح کی وزارت کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ دور دراز علاقوں کے طلبہ کیلئے کالجز میں مفت ایم ڈی کیٹ کی کلاسز کا دائرہ کار بتدریج بڑھایا جائے اور ہائرایجوکیشن کے فروغ کے لئے پرائیویٹ سیکٹر کو سہولیات دی جائیں۔ مریم نواز نے کہا کہ ہائرایجوکیشن میں پرائیویٹ سیکٹر کے اشتراک کارسے دور دراز علاقوں کے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع ملیں گے۔