کرنٹ لگنے سے اموات پر بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو کروڑوں کا جرمانہ

07-06-2024

(لاہور نیوز) بجلی کے کرنٹ سے ہونے والی اموات پر ڈسکوز قصوروار نکلیں، نیپرا نے بجلی کی چار تقسیم کار کمپنیوں کو 11 کروڑ 50 لاکھ روپے کا جرمانہ کر دیا۔

بتایا گیا ہے کہ گزشتہ مالی سال میں لیسکو، پیسکو، فیسکو اور سیپکو کے علاقوں میں 70 افراد کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوئے، جاں بحق ہونے والوں میں 46 بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے ملازم تھے جبکہ 24 شہری کرنٹ لگنے کے باعث جان کی بازی ہار بیٹھے۔ نیپرا نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے جواب کو مسترد کر دیا، کمپنیوں کو متاثرہ خاندانوں کو 40 لاکھ روپے ادا کرنے اور ہر خاندان کو ایک نوکری دینے کا حکم دے دیا۔ لیسکو نیپرا نے لیسکو کو 2 کروڑ 30 لاکھ روپے جرمانہ کیا، لیسکو کے علاقے میں گزشتہ سال کرنٹ لگنے سے 11 افراد جاں بحق ہوئے۔ پیسکو پیسکو کو 6 کروڑ 20 لاکھ جرمانہ کیا گیا ، گزشتہ سال پیسکو کے علاقے میں کرنٹ لگنے سے سب سے زیادہ 41 اموات ہوئیں۔ سیپکو نیپرا نے سیپکو کو ایک کروڑ پچاس لاکھ روپے جرمانہ کیا، سیپکو کے علاقے میں گزشتہ سال کرنٹ لگنے سے 9 افراد اپنی جان گنوا بیٹھے۔ فیسکو فیسکو کو نیپرا نے ایک کروڑ پچاس لاکھ روپے جرمانہ کیا، فیسکو کے علاقے میں گزشتہ سال کرنٹ لگنے سے 11 افراد جاں بحق ہوئے۔ نیپرا کی جانب سے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو جرمانہ 15 دن کے اندر ادا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔