مشی خان مریم نواز کی تعریف کرنے والے فنکاروں پر بھڑک گئیں
07-05-2024
(ویب ڈیسک) اداکارہ و میزبان مشی خان نے اُن فنکاروں کو آڑے ہاتھوں لے لیا جو معاوضہ لیکر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے لیے تشہیری مہم چلا رہے ہیں۔
مشی خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر جاری کیے گئے ویڈیو پیغام میں کہا کہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ ہمارے ملک کے حالات بدترین ہوتے جا رہے ہیں، بجلی کے بھاری بلوں سے غریب عوام پریشان ہے۔ اداکارہ نے کہا کہ لوگ بجلی کے بل بھرنے کی خاطرسونے کی چھوٹی چھوٹی چیزیں اور اپنی قیمتی اشیاء فروخت کررہے ہیں،صرف یہی نہیں، اس حکومت نے بجلی کے بل بھرنے کے لیے لوگوں کو اپنے اعضاء تک فروخت کرنے پر مجبور کردیا ہے، ایسے میں ہمارے معروف فنکار اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز بھاری معاوضہ لیکر مریم نواز اور حکومتِ پاکستان کے لیے تشہیری مہم چلا رہے ہیں۔ اُنہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک پر آئی ایم ایف کا قرضہ ہے، آپ کو تشہیری مہم چلانے کے لیے فنکاروں کو بھاری معاوضہ دینے کے بجائے، یہ پیسہ جمع کرکے ملک کا قرضہ اُتارنا چاہیے۔ مشی خان نے کہا کہ مریم نواز، کراچی میں بیٹھے فنکاروں سے اپنے صوبے پنجاب کے لیے تعریفی تشہیری مہم چلوا رہی ہیں جبکہ ہمارے فنکار بھی پیسوں کے بھوکے ہیں جو بنا سوچے سمجھے ہر کام کے لیے فوری ہاں کردیتے ہیں۔