اعلیٰ عدلیہ پی ٹی آئی پر ہونیوالے مظالم کا نوٹس لے: یاسمین راشد

07-05-2024

(لاہور نیوز) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما و سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ اعلیٰ عدلیہ پی ٹی آئی پر ہونے والے مظالم کا نوٹس لے۔

انسداد ہشت گردی عدالت کے باہر ڈاکٹر یاسمین راشد نے  صحافیوں کو مراسلہ تھما دیا جس میں انہوں نے اعلیٰ عدلیہ سے پی ٹی آئی قیادت و کارکنوں پر ہونے والے مظالم کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ڈاکٹر یاسمین راشد کہنا تھا کہ  جمہوریت کا گلا گھونٹا جارہا ہے، لوگوں کی آواز بند کی جارہی ہے، اس پر نظر ثانی کریں اس ظلم کو روکیں، یہ ظلم پاکستان کو تباہ کر دے گا، ظلم اور جبر سے آپ کسی کے دل سے عمران خان کی محبت نہیں نکال سکتے۔ انہوں نے کہا کہ جو ظلم تحریک انصاف کے کارکنوں نے برداشت کیا اس کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی، 8 فروری کو لوگوں نے نکل کر دنیا کو بتا دیا کہ عمران خان ہی ہمارا لیڈر ہے، تحریک انصاف عمران خان کے حقیقی آزادی کے نعرے کے ساتھ کھڑی تھی، کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی۔ سابق صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ  فارم 47 کی حکومت جس طرح جمہوریت کا گلا گھونٹ رہی ہے اس کا نقصان تحریک انصاف کو نہیں ہر سیاسی جماعت کو ہو گا، تاریخ گواہ ہے جو کسی کے ساتھ زیادتی کرے گا وہ واپس اس کے آگے بھی آئے گی، پرامن احتجاج جمہوریت کا حسن ہے آپ یہ احتجاج نہیں روک سکتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپ زبردستی لوگوں سے کہہ رہے ہیں کہ ایم ایف کا بنایا ہوا بجٹ  قبول کریں، فارم 47 کی حکومت پاکستان کے لوگوں کو قبول نہیں ہے، چوری کیا ہوا مینڈیٹ واپس کریں تاکہ جو اصل حکومت ہے وہ ملک کی باگ ڈور سنبھالے۔