سیف سٹی نے خواتین کو سڑکوں پر ہراساں کرنے والا عادی مجرم گرفتار کرا دیا

07-05-2024

(لاہور نیوز) پنجاب سیف سٹی اتھارٹی نے مزنگ کے علاقے میں عادی مجرم کی جانب سے خاتون کو ہراساں کرنے کی ویڈیو جاری کر دی۔

ویڈیو کے مطابق سیف سٹی کیمروں میں رات کے وقت سڑک پر ایک شخص کو خاتون کا پیچھا کرتے دیکھا گیا، ملزم خاتون کو ہراساں کرنے کی کوشش میں پیچھے پیچھے چلتا گیا،خاتون نے خود کو غیر محفوظ سمجھتے ہوئے تیز چلنا شروع کر دیا۔ ویڈیو میں دیکھا گیا کہ خاتون نے پیچھا کرتے شخص کو دیکھ کر بس سٹاپ کی طرف بھاگنے کی کوشش کی،ملزم کی جانب سے خاتون کو پریشان کرتے دیکھ کر سیف آفیسر نے صورتحال بارے ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن کو آگاہ کیا۔ ترجمان سیف سٹی اتھارٹی نے بتایا کہ ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن نے فوری ایکشن لیتے ہوئے پولیس کو موقع پر بھجوایا،پولیس نے ملزم کو حراست میں لیتے ہوئے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔