بجلی صارفین کو ایک اورجھٹکا، بجلی بلوں میں نئے ٹیکس شامل

07-05-2024

(ویب ڈیسک) صارفین کو بجلی کا ایک اور جھٹکا لگا دیا گیا، بجلی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ بلوں میں ماہانہ بھاری فکسڈ چارجز بھی عائد کر دیئے گئے۔

گھریلو صارفین کے بجلی بلوں میں ماہانہ ایک ہزار روپے تک فکسڈ چارجز بھی عائد کر دیئے گئے، کمرشل صارفین کے چارجز میں 300 فیصد جبکہ صنعتی صارفین کیلئے 355 فیصد اضافہ کیا گیا، نئے ٹیرف کا اطلاق جولائی کے بلوں پر ہوگا۔ نئے چارجز کے مطابق 301 سے 400 یونٹ تک استعمال کرنیوالے گھریلو صارفین 200 روپے ماہانہ فکس چارجز ادا کریں گے، 401 سے 500 یونٹ تک استعمال کرنے والے صارفین 400 روپے ادا کریں گے، 501 سے 600 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو 600 روپے ادا کرنا ہوں گے۔ اسی طرح 601 سے 700 یونٹ تک استعمال کرنیوالے گھریلو صارفین ماہانہ 800 روپے ادا کریں گے اور 700 یونٹ سے زیادہ استعمال پر ماہانہ 1000 روپے فکسڈ چارجز عائد کر دیئے گئے، ٹائم آف یوز میٹر استعمال کرنے والے گھریلو صارفین بھی ماہانہ 1000 روپے مقررہ چارجز ادا کریں گے۔ پانچ کلو واٹ سے کم لوڈ والے کمرشل صارفین کو بھی ماہانہ 1000 روپے مقررہ چارجز ادا کرنا ہوں گے تاہم 5 کلو واٹ یا اس سے زیادہ لوڈ والے بجلی کے کمرشل صارفین 2000 روپے ادا کریں گے۔ اسی طرح ٹی او یو میٹرنگ کے تحت 25 کلو واٹ تک استعمال کرنے والے صنعتی صارفین جو بی ون کیٹیگری میں آتے ہیں وہ 1000 روپے ادا کریں گے، بی تھری اور فور کیٹیگری کے صنعتی صارفین 2000 روپے فکسڈ چارجز ادا کریں گے۔