12 جولائی کو ہر صورت اسلام آباد میں دھرنا دیں گے: امیر جماعت اسلامی
07-05-2024
(لاہور نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت خود گرنا چاہتی ہے، 12 جولائی کو ہر صورت اسلام آباد کے اہم مقام پر بیٹھیں گے۔
اپنے ایک بیان میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ دھرنے کا ایجنڈا بجلی، گیس، پٹرول کی قیمتوں کیخلاف ہے، دھرنا تنخواہ دار طبقے پر ٹیکسوں کی بھرمار کیخلاف احتجاج ہے، حکومت نے دھرنے میں رکاوٹ ڈالی تو خود ہی نتائج بھگتے گی۔ انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج ہمارا حق، عوام کو متحرک کرنے کیلئے ملک بھر میں کیمپنگ ہو رہی ہے، جماعت اسلامی کا واضح مؤقف ہے سب ادارے اپنی آئینی پوزیشن پر واپس جائیں۔ امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ آئی پی پیز کا بوجھ عوام پر ڈال دیا گیا ہے، اشرافیہ کو ٹیکس نیٹ میں کیوں نہیں لایا جاتا، عوامی ایشوز کی بنیاد پر عوام کے ساتھ اتحاد ہو چکا ہے اسی لیے دھرنا دے رہے ہیں۔