عمران خان کی جیل میں بغیر مداخلت ملاقات کی درخواست: سیکرٹری داخلہ و دیگر کو نوٹس
07-04-2024
(ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اڈیالہ جیل میں بغیر مداخلت ملاقات کی درخواست پر سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری دفاع، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل اور محکمہ داخلہ پنجاب کو نوٹس جاری کر دیئے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے عمران خان کی اڈیالہ جیل میں بغیر مداخلت ملاقات کی درخواست پر سماعت کی، عدالت نے تمام فریقین سے آئندہ ہفتے تک جواب طلب کر لیا۔ درخواست گزار کے وکیل شعیب شاہین نے عدالت سے استدعا کی کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو پارٹی رہنماؤں سے بغیر مداخلت ملاقات کی اجازت دی جائے، جیل کے انتظامی معاملات میں انٹیلی جنس ایجنسیز کے میجر اور کرنل کی مداخلت کو روکا جائے۔ بعد ازاں عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی بغیر مداخلت جیل ملاقاتوں کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کر دی تھی۔