ٹیم ورک سے صوبے کو امن کا گہوارہ بنائیں گے، پنجاب پولیس پرعزم

07-04-2024

(لاہور نیوز)پنجاب پولیس نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں صوبے کو امن کا گہوارہ بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

سنٹرل پولیس آفس میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت فالو اپ آر پی اوز کانفرنس ہوئی جس میں  تمام آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز اور سینئر افسران شریک ہوئے، افسران نے وزیراعلیٰ مریم نواز کی طرف سے پنجاب پولیس پر اعتماد اور اپنی فرنٹ لائن فورس قرار دینے پر اظہار تشکر کیا۔ پولیس افسران نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں ٹیم ورک سے صوبے کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔  اس موقع پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ کرپشن پر زیرو ٹالرنس، انسداد جرائم اور سروس ڈیلیوری کے لئے مزید جوش و جذبے سے کام کریں، کرائم پاکٹس، نوگو ایریا، سمگلنگ، منشیات فروشی اور شدت پسندی کے خلاف بھرپور ایکشن لیں۔ آئی جی پنجاب نےمحرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا، آر پی اوز، ڈی پی اوز نے محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات بارے آئی جی پنجاب کو بریفنگ دی۔ ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس محرم الحرام کو پرامن اور محفوظ بنانے کے لئے پر عزم ہے، علما کرام، کمیونٹی لیڈرز اور اداروں کے تعاون سے ملک اور امن دشمن عناصر کی سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔ اجلاس میں انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، سروس ڈیلیوری پراجیکٹس و سہولیات کی اپ گریڈیشن کے امور بھی زیر غور آئے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ سمارٹ پولیس سٹیشنز، سیف سٹیز سمیت تمام ڈویلپمنٹ پراجیکٹس بروقت مکمل کریں،  پولیس فورس اور ان کے اہل خانہ کی ویلفیئر کے اقدامات کو مزید وسعت دی جا رہی ہے۔