جناح ہسپتال میں سرجیکل آلات کو سٹریلائز کرنیوالی مشینیں جواب دے گئیں

07-04-2024

(لاہور نیوز) لاہور کے ہسپتال مسائل کا گڑھ بن گئے، جناح ہسپتال میں سرجیکل آلات کو جراثیم سے پاک کرنیوالی مشینیں بھی جواب دےگئیں۔

جناح ہسپتال لاہور میں انتظامی مسائل دن بدن  بڑھنے لگے جس کے باعث مریضوں کو علاج معالجے میں شدید مشکلات  کا سامنا  کرنا پڑرہا ہے۔ اب جناح ہسپتال میں سرجیکل آلات کو جراثیم سے پاک کرنیوالی مشینیں بھی خراب ہوگئیں، آپریشنز کےآلات  سٹریلائزڈ کئے بغیر استعمال ہونے سے جراثیم مریضوں میں منتقل ہونے کا  خدشہ  پیدا ہو گیا۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے  معاملے کے حوالے سے کہا  کہ جناح ہسپتال میں سٹریلائزڈ مشینوں کی خرابی پر فوری میٹنگ بلا لی ہے، مشینوں کی   مرمت اور فنڈز سے متعلق فیصلہ کریں گے،جلد ہی فنڈز جاری کرکے مشینوں کو دوبارہ استعمال میں لایا جائے گا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل جناح ہسپتال کی لانڈری مشینیں خراب ہونے سے جراثیم زدہ بیڈ شیٹس واش رومز کے اندر دھوئی جارہی تھیں، اب جناح ہسپتال میں سٹریلائز کئے بغیر آپریشنز کے آلات استعمال کئے جارہے ہیں اور مریضوں کا اللہ ہی وارث ہے۔