کسان کارڈ کے لئے 2 لاکھ 20 ہزار سے زائد درخواستیں موصول
07-03-2024
(لاہونیوز) کسان کارڈ کے لئے 2 لاکھ 20 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہو گئیں۔
وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب کی زیر صدارت ایگریکلچر ہاؤس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، اجلاس میں سپیشل سیکرٹری زراعت شہنشاہ فیصل عظیم، کیپٹن ریٹائرڈ وقاص رشید، نوید عصمت کاہلوں، ملک محمد اکرم اور ڈاکٹر انجم علی سمیت اربن یونٹ کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کسان کارڈ سے متعلق بریفنگ دی، اجلاس میں ٹرانسفارمنگ پنجاب ایگریکلچر پلان کے تحت جاری منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔صوبائی وزیر زراعت و لائیوسٹاک عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ موجودہ حکومت کا کسان پیکیج زرعی ترقی اور کاشتکاروں کی خوشحالی کے لئے انتہائی ناگزیر ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ اب تک کسان کارڈ کے لئے 2 لاکھ 20 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں، سکروٹنی کے بعد ایک لاکھ 5 ہزار درخواستیں منظور کی جا چکی ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق چھوٹے کاشتکاروں کو گرین ٹریکٹرز 70 فیصد سبسڈی پر فراہم کئے جائیں گے، سیکرٹری لائیوسٹاک افتخار علی سہو نے بتایا کہ 64 ارب روپے سے صوبہ میں زرعی ترقی کے لئے متعدد منصوبوں پر عمل درآمد جاری ہے۔