محرم میں امن و امان ترجیح، ملک دشمن ایجنڈے نہیں چلنے دیں گے: مولانا عبدالخبیر آزاد
07-03-2024
(لاہور نیوز) چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ ملک میں ایسے ایجنڈے نہیں چلنے دیں گے جو ملک دشمن ہوں، صرف محرم الحرام نہیں پورا سال امن کو قائم رکھنا ہو گا۔
چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے اتحاد بین المسلمین اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہر اولیاء سے ہم ہمیشہ امن، رواداری کی بات لیکر چلے ہیں، پاکستان کو آج واحدت کی ضرورت ہے، محرم الحرام میں امن کو یقینی بنانے کے لئے ہمارا قافلہ رواں ہے۔ مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ علماء کا کام توڑنا نہیں جوڑنے کا ہے، ہم سب اہل بیت کے پیروکار ہیں، ہم سب کو امن کا پیغام دینا ہو گا، ہمیں تحمل، صبر اور برداشت کا مظاہرہ کرنا ہو گا، ملک میں امن قائم کرنے کے لئے پاکستان کے کونے کونے میں جاتے ہیں۔ چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے کہا کہ ہندوستان میں مسلمانوں کی بری حالت ہے، پوری امت مسلمہ غزہ کے مسلمانوں کے ساتھ ہے، امت مسلمہ کو غزہ کے مسلمانوں کی آزادی کے لئے کام کرنا ہو گا۔