خواتین کی معاشی خودمختاری کیلئے قرضوں تک رسائی بہتر بنانا ہو گی: صدر مملکت
07-03-2024
(لاہور نیوز) صدر آصف علی زرداری سے سٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کے گروپ چیف ایگزیکٹو بل ونٹرز نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ خواتین کی معاشی خودمختاری کیلئے مالی خدمات، قرضوں تک رسائی بہتر بنانا ہو گی، کاروباری خواتین کی حوصلہ افزائی، بینکنگ شعبے میں خواتین کی نمائندگی بڑھانے کی ضرورت ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ خواتین کی معاشی خود مختاری سے خاندانوں کی خوشحالی، ملکی ترقی میں مدد ملے گی، پاکستان نے ماحولیات کے تحفظ اور جنگلات کے فروغ کیلئے اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ موسمیاتی شعبے میں سرمایہ کاری سے ماحولیات کے تحفظ میں مدد ملے گی، صدر مملکت نے زرعی شعبے، بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں بالخصوص چھوٹے ڈیموں، بیراجوں اور پاور پلانٹس میں سرمایہ کاری پر زور دیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ بینک کسانوں کی زرعی ضروریات تک رسائی بڑھانے کیلئے مالیاتی خدمات، قرضے فراہم کریں۔ وفد نے صدر مملکت کو پاکستان کی معیشت، بینکنگ انڈسٹری کی ترقی اور ملکی سماجی و اقتصادی ترقی میں بینک کے کردار بارے آگاہ کیا۔ صدر مملکت نے بینک کو پاکستان میں کامیاب آپریشنز کے 160 سال مکمل ہونے پر مبارکباد دی۔