معطل ارکان کی بحالی تک قائمہ کمیٹیوں میں شریک نہیں ہوں گے، ملک احمد خان بھچر

07-03-2024

(لاہور نیوز) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن نے سڑک پر عوامی اسمبلی لگا لی۔

پنجاب اسمبلی کے باہر اپوزیشن کی عوامی اسمبلی کا میاں اعجاز شفیع کی زیرصدارت علامتی اجلاس ہوا، سنی اتحاد کونسل کے اراکین، فارم 45 کے مطابق جیت کے دعویدار ٹکٹ ہولڈر بھی شریک ہوئے، فارم 45 کے مطابق جیت کے دعویدار پینتالیس ٹکٹ ہولڈرز نے عوامی اسمبلی میں حلف اٹھایا، عوامی اسمبلی میں وزیراعلیٰ اور سپیکر کے خلاف اپوزیشن نے نعرے بازی بھی کی۔ اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر کا کہنا تھا یہ سچی اور اصلی اسمبلی ہے، سی ایم نے جس طرح ارکان اسمبلی کے ساتھ سلوک کیا وہ قابل مذمت ہے، تاریخ میں پہلی بار اپوزیشن لیڈر کے چیمبر کو تالے لگائے گئے، بجٹ پر عوام کو دھوکا دیا گیا۔ انہوں نے کہا احتجاج پر اپوزیشن کے گیارہ ارکان کی رکنیت ہی معطل کر دی گئی، وزیراعلیٰ سو ارکان کا سامنا نہیں کر سکتیں، 12 کروڑ عوام کا کیسے سامنا کریں گی۔ ٹکٹ ہولڈر نعیم حیدر پنجوتھہ کا کہنا تھا کہ آج ہمارے فارم پینتالیس کے مطابق جیتنے والے ارکان نے حلف اٹھایا ہے۔ اجلاس میں متعدد قراردادوں کی بھی منظوری دی گئی، علامتی اسمبلی نے خواتین کی مخصوص نشستیں سنی اتحاد کونسل کو دینے کی قرارداد بھی پاس کی، ایجنڈا مکمل ہونے پر عوامی اسمبلی کا اجلاس غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیا گیا۔