نعمان اعجاز کا خلیل الرحمٰن قمر کے نفرت انگیز بیان پر معنی خیز ردعمل

07-03-2024

(ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار نعمان اعجاز نے معنی خیز پوسٹ کے ذریعے ڈرامہ نگار خلیل الرحمٰن قمر کی تنقید کا جواب دے دیا۔

حال ہی میں نجی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں خلیل الرحمٰن قمر نے کہا تھا کہ نعمان اعجاز ایک گھٹیا آدمی ہیں، پوری دنیا میں صرف نعمان اعجاز ہیں جن سے اُنہیں نفرت ہے باقی لوگوں پر غصہ آتا ہے لیکن نفرت کسی سے نہیں ہے۔ اس بیان کے بعد نعمان اعجاز کے مداحوں نے سوشل میڈیا پر خلیل الرحمٰن قمر کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ ایک باصلاحیت اور سینیئر اداکار کے بارے میں ایسے نامناسب الفاظ استعمال کرکے اپنی شخصیت کو ظاہر کررہے ہیں۔ اب سینئر اداکار نعمان اعجاز نے بھی ڈھکے چُھپے الفاظ میں خلیل الرحمٰن قمر کے نفرت انگیز بیان پر ردعمل دے دیا ہے۔ نعمان اعجاز نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر اپنی تصویر پوسٹ کی جس میں وہ کسی سے گفتگو میں مصروف ہیں۔ اداکار نے کہا کہ بیج ہمیشہ بغیر آواز کے اُگتا ہے لیکن درخت بڑے شور کے ساتھ گِرتا ہے، اس کا مطلب یہ ہے کہ تباہی میں شور ہے جبکہ کسی بھی چیز کی تخلیق خاموشی سے ہوتی ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ خاموشی میں بہت طاقت ہوتی ہے، اسی لیے خاموشی سے آگے بڑھیں، اللّٰہ آپ سب کو خوش رکھے۔