پنجاب حکومت کا کرپٹ و سفارشی افسران کے گرد گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ

07-03-2024

(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے کرپٹ اور سفارش پر بھرتی ہونے والے سول افسران کے گرد گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے گزشتہ دور حکومت میں تعینات ہونے والے افسران اور دیگر سیاسی تعیناتیوں سے متعلق تحقیقات شروع کردیں، مبینہ کرپٹ اور سفارش پر تعینات ہونے والے افسران کو اہم عہدوں پر تعینات نہ کرنے کا فیصلہ  کیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے  کرپٹ افسران کے گرد گھیرا تنگ کرنے کا حکم دیدیا ہے، ایسے افسران جو مبینہ رشوت دے کر اور سیاسی پشت پناہی رکھنے کے باعث تعینات ہوئے ان کواہم ذمہ داری نہیں دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق پنجاب میں افسران کی تعیناتی چار رکنی حکومتی بورڈ کرے گا، بورڈ کی سربراہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز  ہوں گی، بورڈ میں چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان بھی شامل ہوں گے۔ ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ رائٹ مین فار رائٹ جاب فارمولے کے تحت میرٹ، قابلیت اور ماضی کے ریکارڈ کو دیکھتے ہوئے انٹرویو کے بعد تعیناتی کا فیصلہ ہوگا، پولیس اور سول انتظامی افسران کی کارکردگی کی جانچ پڑتال سے متعلق بھی باقاعدہ طریقہ کار وضع کردیا گیا۔