صبور علی نے وائٹننگ انجکشن لگوانے کی افواہوں کو مسترد کر دیا

07-03-2024

(ویب ڈیسک) پاکستانی شوبزا نڈسٹری کی شوخ و چنچل اداکارہ صبور علی نے رنگ گورا کرنے کیلئے انجکشنز لگوانے کی افواہوں کی تردید کردی۔

حال ہی میں اداکارہ صبور علی نجی ٹی وی کے پروگرام میں بطور مہمان شریک ہوئیں جہاں انہوں نے زندگی اور کیریئر سمیت مختلف موضوعات پر کھل کر اظہار خیال کیا۔ پروگرام کے دوران میزبان نے اداکارہ سے سوال کیا کہ حال ہی میں ان کی اور ان کے شوہر کی انجکشن اور ڈرپس لگوانے کی تصاویر وائرل ہوئی تھیں، جس کے متعلق مداحوں نے دعویٰ کیا کہ دونوں رنگ گورا کرنے کے لیے انجکشن لگوا رہے ہیں، اس میں کیا صداقت ہے؟ میزبان کے سوال پر صبور علی نے حیرانی کا اظہار کیا اور رنگ گورا کرنے کے لیے انجکشن لگوانے کے دعوؤں کی تردید کردی۔ اداکارہ نے اپنی وائرل ویڈیو کی وضاحت دیتے ہوئے بتایا کہ میں نے اور شوہر علی انصاری نے وٹامنز کی ڈرپس لگوائی تھیں، شوبز شخصیات کو دن رات کام کرنا پڑتا ہے جس سے کمزوری ہو جاتی ہے۔ صبور کا کہنا تھا کہ کمزوری کو دور کرنے کیلئے ہم نے ڈرپس اور انجکشنز لگوائے تھے، وہ رنگ گورا کرنے کے انجکشن نہیں تھے، اگر میں نے ایسے انجکشنز لگوائے ہوتے تو میرا رنگ گورا ہوچکا ہوتا اور میں بڑے بڑے چینلز پر بڑے بڑے ڈرامے کر رہی ہوتی۔