صبا قمر کو کبھی اپنے ڈرامے میں کاسٹ نہیں کرونگا: خلیل الرحمان قمر
07-03-2024
(ویب ڈیسک) معروف پاکستانی ڈرامہ رائٹر خلیل الرحمان قمر نے ماہرہ خان کے بعد صبا قمر کے ساتھ بھی مستقبل میں کام کرنے سے انکار کردیا۔
حال ہی میں خلیل الرحمان قمر ایک پوڈ کاسٹ میں شریک ہوئے جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر کھل کر اظہار خیال کیا۔ پوڈ کاسٹ ہوسٹ نے سوال کیا کہ وہ کونسی ایسی اداکارہ یا اداکار ہیں، جنہیں آپ کبھی بھی اپنے ڈرامے میں کاسٹ نہیں کرنا چاہیں گے؟ سوال کے جواب میں خلیل الرحمان قمر نے کہا کہ میں صبا قمر کو اپنے کسی بھی پراجیکٹ میں کاسٹ نہیں کروں گا کیونکہ وہ جس طرح کے بیہودہ لباس پہنتی ہیں وہ میرے معیار کے بالکل خلاف ہیں۔ انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ صبا قمر ایک بہترین اداکارہ ہیں اور انہوں نے ماضی میں میرے ایک ڈرامے میں کام بھی کیا، اُس ڈرامے میں اُنہوں نے شاندار اداکاری کی تھی جسے مداحوں کی جانب سے خوب سراہا بھی گیا تھا لیکن اب وہ جس طرح کے لباس پہنتی ہیں وہ ہماری ثقافت اور اصولوں کے خلاف ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جانتا ہوں کہ ایسے ملبوسات پہننا صبا قمر کی ذاتی پسند ہے اور مجھے ان کی پسند سے کوئی مسئلہ بھی نہیں ہونا چاہیے لیکن مجھے اپنے کام کے لیے کسی کا انتخاب کرنے کا پورا حق حاصل ہے۔