آبادی میں اضافے کی شرح 1.1 فیصد تک کم کرنے کا ہدف مقرر

07-03-2024

(ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے 5 سالہ منصوبے کے تحت آبادی بڑھنے کی رفتارکم کرنے کے اہداف مقرر کردیے جبکہ پاکستان میں سالانہ 25 لاکھ دانستہ اسقاط حمل کا انکشاف ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق آبادی میں اضافے کی سالانہ شرح کو 2030 تک 1.1 فیصد تک کم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ذرائع وزارت منصوبہ بندی کا کہنا ہے کہ آبادی بڑھنے کی شرح 2023 کی آخری مردم شماری کے مطابق 2.55 فیصد تھی تاہم اب مجموعی شرح پیدائش کو 2030 تک 2.2 فیصد تک کم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ذرائع وزارت منصوبہ بندی نے بتایاکہ مالی سال 2024 میں مجموعی شرح پیدائش 3.32 فیصد تھی۔ ذرائع وزارت منصوبہ بندی کے مطابق مالی سال2024 میں دانستہ مانع حمل طریقے اپنانے کی شرح 39.36 فیصد تھی اور اس شرح کو 2030 تک 60 فیصد تک بڑھانےکا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جدید طریقے نہ اپنانے کے نتیجے میں پاکستان میں سالانہ 25 لاکھ دانستہ اسقاط حمل کا انکشاف ہوا ہے۔ پاکستان کی آبادی 2023 کی مردم شماری کےمطابق 24کروڑ 14لاکھ 90 ہزار پر پہنچ گئی تھی جبکہ وزیراعظم نے وزارت منصوبہ بندی کے پلان کی منظوری این ای سی اجلاس میں دی تھی۔