آئندہ ماہ اگست میں پی آئی اے کی نجکاری کرنے کی تیاریاں

07-03-2024

(لاہور نیوز) آئندہ ماہ اگست کے دوران پی آئی اے کی نجکاری کرنے کی تیاریاں کر لی گئیں۔

نجکاری کمیشن کے مطابق پی آئی اے کی نجکاری کیلئے اگست میں بڈنگ پراسس مکمل کیا جائے گا، پی آئی اے کی نجکاری کے بعد انتظامی کنٹرول حکومت کے پاس نہیں ہو گا، ہاؤس بلڈنگ فنانس کمپنی لمیٹڈ کیلئے ٹرانزکشنز پراسس جولائی کے اختتام تک مکمل کیا جائے گا۔ دستاویزات کے مطابق چھ ڈسکوز کی نجکاری، تین ڈسکوز کو لانگ ٹرم کیلئے نجی شعبے کے حوالے کیا جائے گا، کیسکو اور ٹیسکو دو تقسیم کار کمپنیاں حکومت کے انتظامی کنٹرول میں ہی رہیں گی، ڈسکوز کی نجکاری کیلئے ڈرافٹ اور پیشگی اقدامات پر عملدرآمد ستمبر 2024ء تک مکمل کیا جائے گا۔ نجکاری کمیشن نے بتایا کہ پانچ سالہ پلان کے تحت 24 اداروں کی نجکاری 2029ء تک کی جائے گی، پی آئی اے، سی ایل، پاور پلانٹس، 9 بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں پانچ سالہ پلان میں شامل ہیں، فرسٹ وومن بینک، زرعی ترقیاتی بینک، یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن بھی پانچ سالہ پلان میں شامل ہیں۔ لاکھڑا پاور پلانٹ، تھرمل پاور پلانٹ جام شورو، گدو تھرمل پاور سٹیشن کی بھی نجکاری ہو گی۔