12 جولائی کا دھرنا تاریخی ہو گا: حافظ نعیم الرحمان
07-02-2024
(لاہور نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ 12 جولائی کا دھرنا تاریخی ہو گا، حکومت ریلیف دے ورنہ نتائج بھگتنے کیلئے تیار ہو جائے۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انگریز کے پارٹنر خاندان آج بھی نظر آتے ہیں، انگریز نے اپنی مرضی کا نظام یہاں قائم کیا، معاشرے میں ظلم ہو رہا ہے، وزیراعظم خود کہتے ہیں آئی ایم ایف کے کہنے پر بجٹ بنایا۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ یہ غلامی کی بھی انتہا ہے، آئی ایم ایف کے کہنے پر ٹیکسز لگائے جا رہے ہیں، غریبوں کے سکول پہلے تباہ اب بیچے جا رہے ہیں، آٹا، چینی اور دالوں پر ٹیکس لگا کر وزیراعظم کہتے ہیں مہنگائی کم ہو گئی، بجلی، پٹرول کے بم عوام پر گرائے جا رہے ہیں، شہباز شریف صاحب! قوم کو ریلیف دو کہیں قوم بپھر نہ جائے۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ آئی ایم ایف کے بجٹ نے قبر کھود دی ہے، ظلم، جبر کیخلاف آواز اٹھانی ہے، بارہ جولائی کو بجلی بلوں کو کم کرنے کے لئے دھرنا ہو گا، پی ڈی ایم ون، نگران حکومت، پی ڈی ایم ٹو ایک ہی تسلسل ہے، حکومت نے صنعتوں اور زراعت کو تباہ کر دیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بارہ جولائی کو دھرنے میں بیٹھنے کا اعلان کیا ہے اٹھنے کا نہیں، فارم 47 والوں کو ہم پر مسلط کر دیا گیا، ہم پرامن جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں۔