انضمام کی جانب سے بال ٹیمپرنگ کے الزام پر بھارت کا ردعمل بھی سامنے آگیا
07-02-2024
(ویب ڈیسک) سابق بھارتی کرکٹر و کمنٹیٹر آکاش چوپڑا نے قومی ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق کو بال ٹیمپرنگ اور ریورس سوئنگ سے متعلق دیئے گئے بیان پر چیلنج کردیا۔
اپنے یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے سابق بھارتی کرکٹر و کمنٹیٹر آکاش چوپڑا نے کہا کہ انضمام الحق بتائیں کیا پاکستانی باولرز مبینہ طور کس طرح ریورس سوئنگ کرتے تھے؟ یا پھر تسلیم کریں کہ گیند کو سوئنگ کرنے کیلئے ٹیمپرنگ کرتے تھے؟ آکاش چوپڑا نے مزید کہا کہ آپ نے کہا تھا کہ امپائروں کو چوکنا رہنا چاہیے کیونکہ گیند کے ساتھ کچھ کیا جا رہا تھا، اور اسے تیار کیا جا رہا تھا، یعنی آپ یہ کہنے کی کوشش کررہے ہیں کہ جب آپ کے اچھے باولرز ایسا کرتے تھے تو گیند کو تیار کرتے تھے اور ایسا کرنے کیلئے آپ یا تو گیند کھرچتے، کچھ لگاتے، یا کوئی ایسا کام کرتے تھے جو امپائرز کی نظروں سے بچ گیا۔ قبل ازیں ٹی20 ورلڈکپ کے دوران بھارت اور آسٹریلیا کے میچ میں سابق کپتان انضمام الحق نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ میچ کے 15ویں اوور میں ارشدیپ سنگھ نے گیند کو ریورس سوئنگ کررہے تھے، نئی گیند اتنی جلدی ریورس نہیں ہوتی، اس کا مطلب ہے کہ گیند 12 ویں یا 13ویں اوور تک ریورس سوئنگ کیلئے تیار تھی امپائرز کو ان چیزوں کو آنکھیں کھلی رکھنی ہوں گی۔