اپوزیشن کا پنجاب اسمبلی کے باہر اپنا اجلاس بلانے اور وزیراعلیٰ کیخلاف احتجاج کا اعلان

07-02-2024

(لاہور نیوز) اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچر نے کہا کہ ہم کل پنجاب اسمبلی کے باہر اپنا اجلاس بلائیں گے۔

ملک احمد خان بھچر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں وزیراعلیٰ کے خلاف احتجاج کریں گے، ہمارا اجلاس کل گیارہ بجے ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کسی ایم پی اے پر ایف آئی آر کر دی اور کسی کے گھر میں پولیس بھجوا دی، ہمارے 11 ایم پی ایز کو معطل کر دیا گیا۔ اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ اصل بات رویوں کی ہے، آپ ایک طرف عوام دشمن بجٹ دے رہی ہیں، آپ اپنے سپیکر سے غصہ نکلوا رہی ہیں، اسمبلی میں اس سے بڑے بڑے احتجاج ہوئے ہیں، چودھری پرویز الہیٰ کے وقت آپ نے اسمبلی میں کرسیاں توڑ دی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی کی تاریخ میں اپوزیشن چیمبر کو تالا نہیں لگا، ہم اسمبلی میں آپ کے اپوزیشن چیمبر یا گاڑیوں کیلئے نہیں آتے، محترمہ یہ جعلی مینڈیٹ آپ کو لے بیٹھے گا، آپ ہمارا سامنا نہیں کر پا رہیں تو 12 کروڑ عوام کا سامنا کیسے کریں گی۔