وزیر قانون نے عمران خان کی گرفتاری اور مقدمات کو پاکستان کا داخلی معاملہ قرار دیدیا
07-02-2024
(لاہور نیوز) وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا اقوام متحدہ کے ورکنگ گروپ کی رپورٹ پر ردعمل آ گیا، انہوں نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری اور زیر التوا مقدمات کو پاکستان کا داخلی معاملہ قرار دے دیا۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے اقوام متحدہ کے ورکنگ گروپ کی رپورٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ خودمختار ریاست کے طور پر پاکستان میں عدالتوں کے ذریعے آئین اور مروجہ قوانین پر عمل ہوتا ہے ، بانی پی ٹی آئی کو ملکی آئین و قانون اور عالمی اصولوں کے مطابق تمام حقوق حاصل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی ایک سزا یافتہ قیدی کے طور پر جیل میں ہیں، کئی مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کو ریلیف ملنا شفاف اور منصفانہ ٹرائل عدالتی نظام کا مظہر ہے۔ یاد رہے کہ اقوام متحدہ انسانی حقوق کے ورکنگ گروپ نے بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری کو عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا تھا۔