پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا 5 جولائی سے ملک بھر میں پمپس بند کرنے کا اعلان
07-02-2024
(لاہورنیوز) پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے پانچ جولائی سے ملک بھر میں پمپس بند کرنے کا اعلان کر دیا۔
پاکستان پٹرولیم ڈیلرزایسوی ایشن کے چیئرمین عبدالسمیع خان نے بجٹ بارے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت فوری طور پر ایڈوانس ٹیکس کا فیصلہ واپس کرے، موجودہ بجٹ میں 0.5 فیصد ایڈوانس ٹیکس ٹرن اوور ٹیکس لگایا گیا ہے۔ عبدالسمیع خان نے کہا کہ یہ ٹیکس پٹرول پمپ کے کاروبار کو تباہ کر دے گا، ہم پہلے ہی کم سے کم منافع کے مارجن کے ساتھ پٹرول پمپس چلا رہے ہیں، مہنگائی کی بلند ترین شرح میں اپنے کاروبار کو چلانا پہلے ہی مشکل ہے، ٹیکسوں کا اضافی بوجھ ہمارے کاروبار کو تباہ کردے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیر منصفانہ ٹیکس کی وجہ سے اپنا کاروبار بند کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں، وزیرخزانہ سے ملاقات کی ہے، ایڈوانس انکم ٹیکس چار دن میں ختم کیا جائے، ہم نے واضح طور پر بتایا ہے کہ ہم سخت سے سخت قدم اٹھائیں گے۔ عبدالسمیع خان کا کہنا تھا کہ ان کے پاس ہمارے سوالوں کا کوئی جواب نہیں، بتا دیا ہے اس کے نتائج خراب ہوں گے اور پھر آپ گلا نہیں کرسکیں گے، حکومت سمجھتی ہے کہ ہر ایک کو چوس لو اس طرح کاروبار نہیں چلتے، ہم چودہ ہزار ڈیلرز کی نمائندگی کرتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پانچ جولائی کو ہم ملک بھر میں پمپس بند کر کے ہڑتال پر چلے جائیں گے، ہم اس اقدام پر مجبور ہو گئے ہیں۔