پنجاب حکومت کا کسان پیکیج زرعی ترقی کیلئے ناگزیر ہے: صوبائی وزیر زراعت

07-02-2024

(لاہور نیوز) صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک سید عاشق حسین کرمانی نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کا کسان پیکیج زرعی ترقی اور کسان کی خوشحالی کیلئے ناگزیر ہے۔

وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت ایگریکلچر ہاؤس لاہور میں اعلیٰ سطح کا اجلاس  ہوا جس میں سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو، سپیشل سیکرٹری زراعت شہنشاہ فیصل عظیم و دیگر حکام شریک ہوئے۔ اجلاس میں ٹرانسفارمنگ پنجاب ایگریکلچر پلان کے تحت جاری منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، سیکرٹری زراعت نے اجلاس کے شرکاء کو جاری منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی۔ سیکرٹری زراعت افتخار سہو نے بتایا کہ 64 ارب روپے کی خطیر رقم سے صوبہ بھر میں زرعی ترقی کے لیے متعدد منصوبوں پر عمل درآمد جاری ہے،تمام منصوبوں کی دی ہوئی ٹائم لائن کے مطابق ریئل ٹائم مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔ افتخار علی سہو کا کہنا تھا کہ تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل ہماری بنیادی ذمہ داری ہے، تمام منصوبوں کی تکمیل میں شفافیت، معیار اور میعاد کے بارے تمام سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ ٹرانسفارمنگ پنجاب ایگریکلچر پلان سے متعلق منصوبوں پر عملدرآمد کیلئے ٹائم لائنز پر من و عن عملدرآمد کیا جائے، موجودہ حکومت کا کسان پیکیج زرعی ترقی اور کاشتکاروں کی خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک کسان کارڈ کے لیے 2 لاکھ 20 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں، سکروٹنی کے بعد ایک لاکھ 5 ہزار درخواستیں کسان کارڈ کی فراہمی کیلئے منظور کی جا چکی ہیں۔ سید عاشق حسین کرمانی نے مزید کہا کہ کسان کارڈ کے حصول کے لئے جن موضع جات کا ریکارڈ ابھی تک کمپیوٹرائز نہیں ہوا وہاں فزیکل ویریفیکیشن کے ذریعے کاشتکاروں کا اندراج عمل میں لایا جائے،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق چھوٹے کاشتکاروں کو گرین ٹریکٹرز 70 فیصد سبسڈی پر فراہم کیے جائیں گے۔