اصلاحات منظور ، اب اہلخانہ کو مخصوص مدت کیلئے پنشن ملے گی

07-02-2024

(ویب ڈیسک) حکومت نے آخر کار پنشن اصلاحات منظور کر لی ہیں۔

ان میں متعدد پنشنز کی وصولی کی بندش اور اہل خانہ کیلئے صرف 10 سال تک پنشن کی فراہمی جیسے اقدامات شامل ہیں،حکومت خام پنشن کا حساب ریٹائرمنٹ سے پہلے آخری 24 ماہ کی تنخواہ کے 70 فیصد اوسط کی بنیاد پر لگائے گی۔ سمری وزارت دفاع، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور وزارت داخلہ کو ملاحظہ اور تبصرے کیلئے بھیجی گئی۔ ای سی سی کی منظور کر دہ سمری کے مطابق وزیر خزانہ کی چیئرمین شپ کے تحت حال ہی میں منظور کی گئی سمری میں کہا گیا ہے کہ پنشن ایک ایسا فائدہ ہے جو مستحق ملازموں اور ان کے اہل خانہ کو ملتا ہے لیکن اس مد میں اخراجات روز بروز بڑھ رہے ہیں اور ناپائیدار ہوتے جارہے ہیں۔  پے اینڈ پنشن کمیشن 2020 کے ٹرمز آف ریفرنسز میں شامل تھا کہ حکومت پنشن کی موجودہ سکیم پر نظرثانی کرے گی۔  اسی طرح پی پی سی 2020 نے پنشن سکیم میں ترامیم کی سفارش کی ہے کہ موجودہ پنشنرز اور ملازمین کی موجودہ پنشن کی لاگت میں مستقبل میں ہونے والے اضافے کو حکومتی پنشن کے فلسفے پر کوئی سمجھوتہ کئے بغیر روکا جا سکے۔ یہ تجاویز بجٹ تقریر 2023-24 میں بھی پیش کی گئی تھیں، پی پی سی - 2020 کی سفارشات کی بنیاد پر فنانس ڈویژن موجودہ پنشنرز/ملازمین کیلئے پنشن سکیم میں کچھ ترامیم کی تجویز پیش کرتا ہے۔