پنجاب میں 3 اینیمل ریسکیو سنٹرز کے قیام کا فیصلہ

07-02-2024

(ویب ڈیسک) محکمہ وائلڈ لائف کی جانب سے پنجاب میں 3 اینیمل ریسکیو سنٹرز بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ڈی جی وائلڈ لائف مدثر ریاض ملک نے لوئی بھیر چڑیا گھر/ پارک کا دورہ کیا اور جنوبی سائیڈ پر اینیمل ریسکیو سنٹرز کی تعمیر کے لیے جگہ اور فزیبلٹی کا جائزہ لیا، جہاں وائلڈ لائف راولپنڈی کی انتظامیہ نے انہیں بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی چڑیا گھر، خانیوال اور لاہور کے جلو پارک میں 3 اینیمل ریسکیو سنٹرز بنائے جائیں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ لوئی بھیرچڑیا گھر کے پاس موجود تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے، لوئی بھیر پارک /چڑیا گھر میں جانور کے انکلوژر اور پارک کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جائے گا ۔ ڈی جی وائلڈلائف کا کہنا ہے کہ ریسکیو سنٹرز میں جنگلی حیات / جانوروں کو مکمل بحالی تک رکھا جائے گا، اس سے قبل پنجاب میں کوئی بھی جدید طرز کا اینیمل ریسکیو سنٹر نہیں ہے ۔ انہوں نے لوئی بھیر چڑیا گھر کے تمام سیکشنز کا تفصیلی جائزہ لیا اور لوئی بھیر میں باؤنڈری اور وائلڈ لائف کی مناسب نگرانی کے لیے واچ ٹاور کی تعمیر کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ واچ ٹاور سے لوئی بھیر چڑیاگھر کا واچ اینڈ وارڈ سسٹم زیادہ موثر ہو گا۔ انہوں نے شدید گرمی سے جانوروں کو بچانے کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا اور کہا کہ جنگلی جانوروں کی دیکھ بھال اور بہبود انتظامیہ کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔