شہر میں آج دن بھر سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی جاری رہے گی
07-02-2024
(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں آج دن بھر دھوپ اور چھاؤں کا کھیل جاری رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 29 اور زیادہ سے زیادہ 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد ہونے کے باعث حبس کی کیفیت برقرار رہے گی۔ موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ لاہور میں آج بارش برسنے کے صرف پانچ فیصد امکانات ہیں جبکہ جولائی کے پہلے ہفتے میں 15 سے 50 ملی میٹر بارش متوقع ہے۔ ادھر پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بالائی اور وسطی پنجاب آج سے 7 جولائی تک مون سون طوفانوں کی زد میں رہیں گے، پنجاب کی بیشتر ڈویژنز میں طوفان کے ساتھ شدید بارشیں متوقع ہیں جبکہ جنوبی پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آندھی اور جھکڑ چلنے کا امکان ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ تیز بارشوں سے پنجاب کے ندی نالے بپھر سکتے ہیں ،طوفان سے بجلی کے کھمبوں، سولر پلیٹوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے، موسمی صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے مطابق متعلقہ محکمے الرٹ رہیں، ریسکیو ادارے جولائی کے پہلے ہفتے میں مستعد رہیں، بارشوں کے دوران فرائض میں غفلت کی کوئی گنجائش نہیں، پی ڈی ایم اے کنٹرول روم 24 گھنٹے موسمی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔