تنخواہ دار طبقے پر اضافی ٹیکسوں کے نفاذ کا باقاعدہ آغاز ہو گیا

07-02-2024

(لاہور نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے دستخط کے بعد فنانس بل پر باقاعدہ عملدرآمد شروع ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق نئے فنانس ایکٹ 25-2024ء کے تحت کمرشل یا رہائش کیلئے پلاٹ کی خریداری پر فائلرز کیلئے 3 فیصد ایکسائز ڈیوٹی جبکہ نان فائلر کیلئے پلاٹ کی خریداری پر 7 فیصد ڈیوٹی عائد کر دی گئی۔ 5 کروڑ مالیت رکھنے والا فائلرز تاخیر سے ریٹرن فائل کرے گا تو 6 فیصد اضافی ٹیکس لگے گا، 10 کروڑ تک مالیت رکھنے والے فائلرز کیلئے تاخیر سے ریٹرن فائل کرنے پر 7 فیصد اضافی ٹیکس لگے گا۔ فنانس بل کے تحت تنخواہ دار طبقے پر اضافی ٹیکسوں پر عملدرآمد کا بھی آغاز ہو گیا ہے، ایک لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ پر انکم ٹیکس بڑھا کر 5 فیصد کر دیا گیا، ٹیکس سالانہ 6 لاکھ سے 12 لاکھ آمدن پر وصول کیا جائے گا۔ تنخواہ دار طبقے کو ماہانہ 1250 روپے کے بجائے 2500 روپے ٹیکس ادا کرنا ہوگا، سالانہ 12 لاکھ روپے سے 22 لاکھ آمدن پر ٹیکس کی شرح 15 فیصد ہو گی، اس طبقے کو 30 ہزار روپے فکسڈ ٹیکس بھی دینا ہو گا۔