پٹرولیم مصنوعات، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ: جماعت اسلامی کا حق دو پاکستان تحریک کا اعلان

07-01-2024

(لاہور نیوز) پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے پر جماعت اسلامی نے حق دو پاکستان تحریک کا اعلان کر دیا۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن منصورہ میں گرج دار پریس کانفرنس کرتے ہوئے بولے کہ اس بار جتنے لوگوں کے بجلی کے بل آئے ہیں، خواتین اپنے زیور بیچ کر ادا کر رہی ہیں، حکومت کو کوئی شرمندگی نہیں، وزیراعظم اعزاز سے کہتے ہیں آئی ایم ایف سے مل کر بجٹ بنایا۔ حافظ نعیم الرحمنٰ کا کہنا تھا کہ پاکستان کو کرپٹ حکمرانوں کے ہاتھوں میں نہیں دے سکتے، عوام کی آواز سے آواز ملائیں گے، 12 جولائی کو اسلام آباد میں مطالبات کی منظوری تک دھرنا دیا جائے گا، اگر حکومت نے روکا تو وہ بھگتے گی۔ حافظ نعیم الرحمنٰ کا مزید کہنا تھا کچھ لوگ کہہ رہے ہیں کہ دوبارہ الیکشن ہونے چاہئیں، تو جب ہمارے پاس فارم 45 ہے تو دوبارہ الیکشن کیوں کرانے چاہئیں۔ امریکی قرارداد پر ان کا کہنا تھا امریکا کو حق حاصل نہیں کہ وہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرے۔