ایڈوانس ٹیکس سے پٹرول پمپ کا کاروبار چلانا ناممکن ہے، پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن

07-01-2024

(لاہور نیوز) پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ ایڈوانس ٹیکس واپس نہ ہوا تو 5 جولائی کو پورا ملک بند کر دیں گے۔

پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالسمیع خان نے پریس کانفرنس میں کہا کہ پٹرولیم ڈیلرز کو فنانس بل میں ایڈوانس ٹرن اوور ٹیکس پر تشویش ہے، فنانس بل میں 0.5 فیصد ایڈوانس ٹرن اوور ٹیکس لگایا گیا ہے، مذکورہ ٹیکس سے پٹرول پمپ کا کاروبار چلانا ناممکن ہے۔ انہوں نے کہا حکومت ایڈوانس ٹیکس پر نظر ثانی کرکے اسے فوری طور پر ختم کرے بصورت دیگر کاروبار بند کرنے کے علاوہ کوئی چارہ باقی نہیں رہے گے، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو اپنا مفاد عزیز ہے۔ چیئرمین پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا مزید کہنا تھا کہ حکومت ہر چیز پر ٹیکس عائد کر رہی ہے، پٹرولیم ڈیلرز کی سیلز گھٹ گئی ہے، حکومت سمگلنگ کو سپورٹ کر رہی ہے، سمگلنگ کے خلاف بولنے پر دھمکیاں دی جاتی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا وزیرخزانہ، پٹرولیم منسٹر اور چیئرمین ایف بی آر سے ملنے کی کوشش کریں گے، مسائل حل نہ ہوئے تو 5 جولائی کو پورا ملک بند کر دیا جائے گا۔