حکومت پنجاب کی پابندی کے باوجود پلاسٹک بیگز کی فروخت جاری
07-01-2024
(لاہور نیوز) حکومت پنجاب کی جانب سے پابندی کے باوجود پلاسٹک بیگز کی فروخت جاری ہے۔
پنجاب حکومت کی جانب سے شہر بھر میں پلاسٹک بیگز کی خرید و فروخت اور استعمال پر پابندی کے باوجود اس کے استعمال کی کھلم کھلا خلاف ورزی جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق اب تو دودھ، ہوٹلوں، دہی، ریڑھی بانوں اور چائے پلاسٹک بیگز میں فروخت ہو رہی ہیں، کوئی بھی متعلقہ ادارہ اس کے خلاف کارروائی کرتا نظر نہیں آرہا جس کی وجہ سے پلاسٹک بیگز کے استعمال میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق دکانداروں، ریڑھی بانوں و دیگر کاروباری مراکز والوں کا کہنا تھا کہ ہم اس کے متبادل کیا استعمال کریں، گاہک جب بھی کوئی چیز لینے آتا ہے تو مجبوری ہوتی ہے کہ ہم اس بیگ کا استعمال کریں، ہم مہنگے کپڑے کے بیگ تو اب ہر گاہک کو دے نہیں سکتے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم گاہک کو کہتے ہیں کہ سامان لے جاؤ بیگ نہیں ہے تو وہ سامان چھوڑ کر چلا جا تا ہے۔ پلا سٹک بیگز کا کاروبار کرنے والے دکانداروں کا کہنا تھا کہ لاکھوں روپے کا بیگ سٹاک میں رکھا ہے جب تک اس کی فروخت نہیں ہو گی ہم کیسے دینا بند کر دیں، ہمیں حکومت اکٹھا سٹاک دے یا پھر ہمیں مہلت دے کہ ہم اپنے سٹاک کو ختم کر سکیں۔