امریکی کانگریس کی قرار داد پاکستانی عوام کے مینڈیٹ کی توہین ہے: طاہر اشرفی
06-30-2024
(لاہور نیوز) پاکستان علماء کونسل کے سربراہ علامہ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ امریکی کانگریس نے قرارداد پاس کرکے پاکستانی عوام کے مینڈیٹ کی توہین کی ہے۔
لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے علامہ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ امریکا ہو یا کوئی اور ملک،کسی کو بھی پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کا حق نہیں، امریکا کو فلسطین میں انسانیت کیوں نظر نہیں آرہی ۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں امریکی قرار داد کے خلاف قرار داد پر سنی اتحاد کونسل کی مخالفت پر دکھ ہے، قومی اسمبلی میں پیش قرارداد میں کشمیر اور فلسطین کا بھی ذکر تھا، آپ کو کسی شق پر تحفظات تھے تو اس پر بات کرتے۔ ان کا کہنا تھا کہ آپ کا تو نعرہ تھا امریکا کو ایبسلوٹلی ناٹ کہا ہے، قرارداد پھاڑنے کے بعد ہم پوچھنے میں حق بجانب ہیں کہ آپ کی محبت کس سے ہے؟۔ علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو تحفظ حاصل ہے، منافرت پھیلانا،طاقت کے ذریعے اپنا نظریہ مسلط کرنا غیر شرعی ہے، شدت پسندانہ رویے کےخاتمے کیلئے متفقہ لائحہ عمل بنایا جائے۔ "محرم میں وحدت اور اتحاد کے پیغام کو عام کیا جائے" ان کا کہنا تھا کہ آئین میں غیر مسلموں کو بھی برابر کے حقوق حاصل ہیں، پاکستان میں ہر کسی کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے، محرم میں وحدت اور اتحاد کے پیغام کو عام کیا جائے۔ سربراہ پاکستان علماء کونسل نے مزید کہا کہ دہشت گردی کیخلاف قومی یکجہتی کی ضرورت ہے، ایس آئی ایف سی جو کام کر رہی ہے اس کی تائید کرتے ہیں، عزم استحکام آپریشن اور نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل درآمد ہونا چاہیے۔