مہنگائی کا راج برقرار، سبزیاں اور پھل غریبوں کی پہنچ سے دُور

06-29-2024

(لاہور نیوز) شہر میں ہر طرف مہنگائی کا راج ہے، انتظامیہ مصنوعی مہنگائی کنٹرول کرنے میں ناکام ہو گئی۔

ضلعی انتظامیہ کی غفلت شہریوں پر بھاری پڑنے لگی، روزانہ کی بنیاد پر بڑھتی مہنگائی نے صارفین کی چیخیں نکلوا دیں، چکن کو کچن تک لانا غریب کیلئے خواب بن چکا ہے۔ مارکیٹ میں سبزیاں سرکاری ریٹ کے برعکس فروخت کی جارہی ہیں، سرکاری ریٹ لسٹ میں آج بھی 6 سبزیوں کے دام بڑھا دیئے گئے، پیاز 140 روپے کلو، ٹماٹر 170 روپے کلو تک فروخت کئے جا رہے ہیں۔ لہسن 500 روپے کلو، ادرک 780 روپے کلو تک بکنے لگا، سبز مرچ 130 روپے کلو، لیموں دیسی 650 روپے کلو تک فروخت ہو رہے ہیں، ٹینڈے دیسی 200 روپے کلو، آلو 120 روپے کلو تک دستیاب ہیں۔ بازار میں مہنگے پھل سستے نہ ہو سکے، پھل کھانا غریب کیلئے خواب بن چکا ہے، سیب کالا کولو 450 روپے کلو، کیلا درجہ اول 250 روپے درجن تک فروخت ہو رہا ہے، کیلا درجہ دوم 180 روپے درجن، خوبانی 250 روپے کلو تک فروخت ہو رہی ہے، آڑو 260 روپے کلو، آم سندھڑی 240 روپے کلو، پپیتا 320 روپے کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے پرائس کنٹرول مجسٹریٹ ڈیوٹی سے غائب رہتے ہیں، بازار میں دکانداروں نے اپنے ہی ریٹ لگا رکھے ہیں، انتظامیہ ناجائز منافع خوروں کیخلاف سخت کارروائی کرے۔ برائلر کی کھپت کے مقابلے میں سپلائی میں کمی ہو گئی، مرغی کا گوشت 9 روپے مہنگا ہو گیا، 392 روپے کلو میں فروخت، انڈے بدستور 250 روپے فی درجن دستیاب ہیں۔