پی ٹی آئی 2 سال تک امریکا مخالف جھوٹا بیانیہ پیش کرتی رہی ہے : بیرسٹر عقیل ملک
06-29-2024
(لاہور نیوز) رکن قومی اسمبلی بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے امریکا میں پاکستان مخالف قرارداد منظور کرانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، پی ٹی آئی 2 سال تک امریکا مخالف جھوٹا بیانیہ پیش کرتی رہی ہے ۔
لیگی رکن قومی اسمبلی شائستہ پرویز ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ کل شائستہ پرویز ملک نے ایوان میں ایک قرارداد پیش کی ، ایک جماعت نے قرارداد کی مخالفت کی، اس جماعت کا امریکی قرارداد پر شور شرابا قابل افسوس عمل تھا، ایک جماعت نے ہمیشہ وقت کیساتھ اپنا بیانیہ بدلا، یہ وہ جماعت ہے جو امپورٹڈ حکومت نامنظور کا بیانیہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت ڈیجیٹل دہشت گردی پر اتری ہوئی ہے، تحریک انصاف نے لابنگ اور پی آر فرمز ہائر کیں، ایک مخصوص جماعت قوم کی آنکھ میں دھول جھونکتی رہی ہے۔ لیگی رہنما نے کہا کہ سبز ہلالی پرچم کی حفاظت ہر پاکستان کا فرض ہے، کوئی پاکستانی ملکی سالمیت ،آزادی پر آنچ نہیں آنے دے گا۔ اس موقع پر لیگی رکن قومی اسمبلی شائستہ پرویز ملک کا کہنا تھا کہ ہم کسی بھی ملک سے تعلقات خراب نہیں کرنا چاہتے، ہم امریکا سے اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں، نہیں چاہتے کہ امریکا ہماری خودمختاری میں مداخلت کرے۔ انہوں نے کہا کہ میں کسی کی حب الوطنی پر شک نہیں کر رہی، ہم چاہتے ہیں ملک آگے بڑھے، پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔