پرویز الہٰی کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کی درخواست چیف جسٹس کو ارسال
06-28-2024
(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کی درخواست چیف جسٹس کو ارسال کردی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ وفاقی حکومت نے پرویز الٰہی کا نام غیر قانونی طور پر پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیا ہے،عدالت پرویز الٰہی کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا حکم دے۔ دوران سماعت پرویز الٰہی کے وکیل نے عدالت سے درخواست کی کہ پرویز الٰہی کے بیٹے اور بہو کے اسی نوعیت کے کیسز جسٹس شمس محمود مرزا کی عدالت میں زیر سماعت ہیں، لہٰذا یہ درخواست بھی جسٹس شمس محمود مرزا کی عدالت میں بھیج دی جائے۔ عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے کیس جسٹس شمس محمود مرزا کے پاس بھیجنے کے لیے فائل چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بھجوا دی۔