اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پنشن سکیم میں ترامیم کی منظوری دے دی

06-28-2024

(لاہور نیوز) وزیرخزانہ محمداورنگزیب کی زیرصدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، ای سی سی اجلاس میں پنشن فنڈ کے قیام کی اصولی منظوری دی گئی، ای سی سی اجلاس میں پنشن سکیم میں ترامیم کی منظوری دے دی گئی۔

ای سی سی اجلاس میں نئے بھرتی ہونے والے ملازمین کیلئے ڈیفائنڈ کنٹری بیوٹری سکیم کی تجویز منظور کر لی گئی، نئے سرکاری ملازمین کیلئے نئی پنشن سکیم کا اطلاق یکم جولائی 2024 سے ہوگا، مسلح افواج کیلئے نئی پنشن سکیم کا اطلاق یکم جولائی 2025 سے ہوگا۔ اجلاس میں وزارت اطلاعات کیلئے 36 کروڑ 62 لاکھ روپے گرانٹ کی منظوری دی گئی، یوم دفاع کی تشہیری مہم کیلئے 9 کروڑ 64 لاکھ فنڈز منظور کیے گئے، اولمپیئن ارشد ندیم کیلئے 25 لاکھ روپے انعام کی بھی منظوری دی گئی۔ وزارت خزانہ کے مطابق پولیس میں سکریننگ ٹیسٹ کیلئے 2 کروڑ 91 لاکھ ، اسلام آباد پولیس کے پٹرولیم چارجز کیلئے 13 کروڑ، وزارت ہوابازی کے ملازمین کے اخراجات کیلئے 60 کروڑ 70 لاکھ گرانٹ منظور کی گئی۔ اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق یونیورسل سروس فنڈ کو 11 ارب سے زیادہ کے فنڈز واپس کرنے منظوری دی گئی، وزارت ریلوے کے زیر التوا واجبات کیلئے 2 ارب روپے اور ایف بی آر کے مختلف منصوبوں کیلئے 4 ارب 22 کروڑ روپے کی گرانٹ منظور کی گئی۔ علاوہ ازیں ساتویں مردم شماری کے واجبات کی ادائیگی کیلئے 7 ارب 98 کروڑ روپے ، سندھ حکومت کے واجبات کے ادائیگی کیلئے 12.1 ارب روپے اور ملٹری اکاؤنٹس اور اے جی پی آر کی پنشن ادائیگی کیلئے 8 ارب 62 کروڑ کی گرانٹ منظور کی گئی۔