پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں کے روزانہ کام کرنے کی اُجرت میں اضافہ

06-27-2024

(لاہور نیوز) پنجاب کی جیلوں میں قید ہنرمند قیدیوں کے لئے اچھی خبر آ گئی۔

ہنرمند قیدی اب جیل میں دورانِ قید پیسے بھی کمائیں گے، قیدیوں کے روزانہ کام کرنے کی اُجرت میں اضافہ کر دیا گیا۔ لاہور سمیت پنجاب بھر میں فرنیچر کا ہنر رکھنے والے قیدیوں کو ایک ہزار روپے روزانہ اجرت دی جائے گی، اس سے پہلے ہنرمند قیدیوں کو پرانے جیل قوانین کے مطابق دیہاڑی 50 روپے دی جا رہی تھی۔ جیل حکام کے مطابق بغیر ہنر قیدیوں کو پانچ سو روپے دیہاڑی دی جائے گی، جیلوں میں کام کرنے والے قیدیوں کو مزدوری کے پیسے اکاؤنٹس میں بھجوائے جائیں گے۔ لاہور میں پرائیویٹ فرمز کے لئے فرنیچر بنانے کا آغاز کر دیا گیا، روزانہ کی بنیاد پر 20 قیدی فرنیچر بنانے کے لئے فراہم کئے جائیں گے، غیر ہنرمند قیدیوں کو 2 ماہ کے اندر کام سکھانا فرم کی ذمہ داری ہو گی۔ پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر کوٹ لکھپت جیل میں کنٹریکٹ دے دیا گیا ہے، پراجیکٹ کی کامیابی کے بعد دیگر جیلوں تک بھی اس منصوبے کو پھیلایا جائے گا۔