دوسرا سیمی فائنل: بھارت کا انگلینڈ کو جیت کیلئے 172 رنز کا ہدف
06-27-2024
(لاہور نیوز) آئی سی سی ٹی 20 مینز ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے انگلینڈ کو جیت کیلئے 172 رنز کا ہدف دے دیا۔
گیانا کے پروویڈینس کرکٹ سٹیڈیم میں ہونیوالے ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں انگلش کرکٹ ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تاہم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر رنز بنائے۔ بھارت کی اننگز بھارت کی جانب سے اننگز کا آغاز کپتان روہت شرما اور ویرات کوہلی نے کیا تاہم ویرات کوہلی 9 گیندوں پر 9 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، بھارت کی دوسری وکٹ 40 رنز کے مجموعی سکور پر گری جب رشبھ پنت 4 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ 8 اوورز میں 65 رنز کے مجموعی سکور پر میچ کو بارش کے باعث روک دیا گیا، میچ کے دوبارہ آغاز پر کپتان روہت شرما اور سوریا کمار یادیو نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سکور کو آگے بڑھایا۔ بھارت کی تیسری وکٹ 113 رنز کے مجموعی سکور پر گری جب کپتان روہت شرما 57 رنز بنا کر بولڈ ہوگئے جبکہ چوتھی وکٹ سوریاکمار یادیو کی گری جو 47 رنز بناکر کیچ تھما بیٹھے۔ پانچویں وکٹ 146 رنز کے مجموعی سکور پر گری جب ہاردک پانڈیا 23 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ چھٹی وکٹ شیوم دوبے کی گری جو بغیر کوئی رن سکور کئے پویلین لوٹ گئے، رویندر جڈیجہ 17 اور ارشدیپ سنگھ ایک رن کیساتھ ناقابل شکست رہے۔ قبل ازیں بارش کے باعث میچ کا ٹاس بھی تاخیر سے ہوا، پاکستانی وقت کے مطابق میچ کا ٹاس 7 بجے ہونا تھا جبکہ میچ شروع ہونے کا وقت 7 بجکر 30 منٹ تھا تاہم بارش کے باعث میچ اپنے مقررہ وقت پر شروع نہ ہوسکا، میچ کا ٹاس 8 بجکر 10 منٹ پر ہوا جبکہ میچ کا آغاز 8 بجکر 45 منٹ پر ہوا۔ دونوں میں سے جیتنے والی ٹیم کا مقابلہ فائنل میں جنوبی افریقا سے ہو گا، قبل ازیں پہلے سیمی فائنل میچ میں افغانستان کو 9 وکٹوں سے بآسانی شکست دے کر ساؤتھ افریقہ پہلی بار فائنل میں پہنچ گیا ہے۔