نجی سکولوں کو 10 فیصد بچے فری پڑھانے کا پابند کرانے کا فیصلہ

06-27-2024

(ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے پرائیویٹ سکول آرڈیننس 2014ء دوبارہ فعال کرکے پرائیویٹ سکولوں کو دس فیصد بچے فری پڑھانے کا پابند کروانے کا فیصلہ کر لیا۔

غریب اور مستحق بچے بھی پرائیو یٹ سکولوں میں مفت تعلیم حاصل کرسکیں گے، سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے پرائیویٹ سکول آرڈیننس 2014کو دوبارہ فعال کیا جائے گا۔ اس حوالے سے وزارت تعلیم کی جانب سے پرائیویٹ سکولوں کا سروے کروایا جائے گا، سروے میں پرائیویٹ سکولوں میں زیر تعلیم بچوں کی تعداد کا ریکارڈ اکٹھا کیا جائے گا۔ پرائیویٹ سکولوں کے سروے کا کام گرمی کی چھٹیوں کے بعد 31اگست تک مکمل کیے جانے کا امکان ہے،سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے مطابق آرڈیننس کے تحت پرائیویٹ سکولوں کو دس فیصد بچے فری پڑھانے کے لیے پابند کیا جائے گا۔ پرائیویٹ سکول مالکان کا کہنا ہے ہمارے سکولوں میں پہلے ہی مستحق بچے تعلیم حاصل کررہے ہیں،ان کا کہنا ہے کہ حکومت پرائیویٹ سکولوں کے لئے پیکج کا اعلان کرے ۔