بشریٰ انصاری نے اپنی زندگی کے بڑے دکھ اور پچھتاوے کا اظہار کر دیا

06-27-2024

(ویب ڈیسک) سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے اپنی زندگی کے سب سے بڑے دکھ اور پچھتاوے کا اظہار کر دیا۔

ایک انٹرویو کے دوران اداکارہ سے زندگی کے سب سے بڑے دکھ سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں وہ اپنی بہن سنبل کا ذکر کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئیں۔ بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ کچھ بھی ہو جائے میرے ذہن سے یہ دکھ نہیں جاتا، میرے سامنے کبھی بھی کسی بھی وقت سنبل کا نام لے لیا جائے میں غم زدہ ہو جاتی ہوں، سنبل شاہد کا چلے جانا کبھی بھی رلا دیتا ہے۔ اداکارہ نے ایک اور سوال کے جواب میں بتایا کہ میں بہت حقیقت پسند خاتون ہوں، میں ایسی خواہشات ہی نہیں رکھتی ہوں جو کہ پوری نہ ہو سکیں۔ بشریٰ انصاری کا زندگی کے سب سے بڑے پچھتاوے سے متعلق بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایک بار لاہور میں میرا ریڈیو سٹیشن جانا ہوا، میری ملاقات نامور گلوکار و موسیقار، استاد نذر حسین صاحب سے ہوئی۔ انہوں نے مجھے گانے کی آفر کی مگر میں نے قبول نہیں کی، مجھے یہ پچھتاوا ہے، مجھے وہ پیشکش قبول کر لینی چاہیے تھی۔