ہربل اور ہو میو پیتھک ادویات پر سیلز ٹیکس رعایت ختم
06-27-2024
(لاہور نیوز) حکومت نے آئی ایم ایف کی ایک اور شرط تسلیم کرتے ہوئے ادویات پر سیلز ٹیکس عائد کر دیا۔
حکومت نے ہربل اور ہومیو پیتھک دواؤں پر بھی سیلز ٹیکس رعایت ختم کر دی جس کے بعد ہربل دواؤں پر بھی ٹیکس عائد ہوگا۔ دستاویز کے مطابق سیلز ٹیکس کے آٹھویں شیڈول میں ہربل اور ہومیو ادویات پر سیلز ٹیکس عائد ہوگا، نزلہ، زکام اور کھانسی کے جوشاندے پر 18 فیصد سیلز ٹیکس عائد کیا جائے گا، جبکہ ہربل کی سینکڑوں ادویات پر بھی 18 فیصد سیلز ٹیکس لگے گا۔ فنانس بل دستاویز کے مطابق ہربل معجون، مربے، سفوف اور مختلف ہربل شربت اور گولیوں پر 18 فیصد سیلز ٹیکس عائد ہوگا۔ دستاویزات میں کہا گیا کہ ہومیو پیتھک کے تمام شربت، کریموں اور تمام قطروں والی ادویات پر بھی سیلز ٹیکس عائد کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل خبریں سامنے آئی تھیں کہ آئی ایم ایف کے مطالبے پر ادویات پر 10 سے 18 فیصد تک سیلز ٹیکس لگائے جانے کا امکان ہے۔