ٹک ٹاک پر لوگ بہت شاندار مواد بنا رہے ہیں: سید محمد احمد

06-27-2024

لاہور: (فہیم حیدر) سکرین رائٹر، گیت نگار، اداکار اور ہدایت کار سید محمد احمد نے کہا ہے کہ ٹک ٹاک ان کے لیے ایک حیرت انگیز تجربہ ہے، ٹک ٹاک پر لوگ بہت شاندار مواد بنا رہے ہیں۔

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار اور ہدایتکار سید محمد احمد نے حال ہی میں دنیا نیوز کے مقبول ترین کامیڈی شو "مذاق رات" میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر کھل کر اظہار خیال کیا۔ شو کے دوران ویڈیو ایپ ٹک ٹاک کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ورسٹائل فنکار نے کہا کہ ’’اس نے مجھے ہمیشہ یہ سوچنے پر مجبور کیا کہ کوئی شخص 30 سیکنڈز میں ایک دلچسپ مواد کیسے بنا سکتا ہے"۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دیہی علاقوں میں ہمارے پاس بہت سے باصلاحیت لوگ ہیں جو شاندار مواد بنا رہے ہیں، انہوں نے مجھے اپنے مواد سے متاثر کیا۔ سید محمد احمد کا مزید کہنا تھا کہ ہو سکتا ہے کہ اگر ٹک ٹاک بنانے والے لوگ انڈسٹری میں کسی سے رابطہ کریں تو انہیں مسترد کر دیا جائے گا لیکن اب ان کے پاس ایک ایسا میڈیم ہے جس کے ذریعے وہ اپنا اظہار کر سکتے ہیں۔ پروگرام کے میزبان عمران اشرف نے ٹک ٹاک ریلز بنانے کی کامیاب کوششوں پر محمد احمد کی تعریف بھی کی۔ یاد رہے کہ محمد احمد نے بہت سے مشہور پاکستانی ڈرامے لکھے ہیں جن میں "تم سے کہنا تھا، بارات سیریز اور سب سے حالیہ ہٹ ڈرامہ کچھ ان کہی" شامل ہے۔ بطور اداکار ان کے مشہور ڈراموں میں "میرے پاس تم ہو، سنو چندا، سبات، ہم تم، رسوائی، قصہ مہربانو کا، پری زاد، پردیس، کچھ ان کہی اور بیٹیاں" شامل ہیں۔