ٹی 20 ورلڈ کپ: افغانستان کو بآسانی شکست، ساؤتھ افریقہ پہلی بار فائنل میں پہنچ گیا

06-27-2024

(لاہور نیوز) آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024ء کے پہلے سیمی فائنل میچ میں افغانستان کو 9 وکٹوں سے بآسانی شکست دے کر ساؤتھ افریقہ پہلی بار فائنل میں پہنچ گیا، فاتح ٹیم نے57 رنز کا ہدف 9 ویں اوور میں ہی پورا کر لیا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے زیر اہتمام امریکا اور ویسٹ انڈیز کی میزبانی میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024ء کے پہلے سیمی فائنل میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر ساؤتھ افریقہ کو فیلڈنگ کرنے کی دعوت دی، دونوں ٹیمیں برائن لارا کرکٹ سٹیڈیم میں مدمقابل ہوئیں۔ افغانستان کی اننگز افغان ٹیم کی جانب سے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ بری طرح ناکام ثابت ہوا اور ساؤتھ افریقہ کی تباہ کن باؤلنگ کے سامنے تمام بیٹرز بے بس نظر آئے، عظمت اللہ عمرزئی کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکا، اوپنر رحمان اللہ گرباز، محمد نبی اور نور احمد بغیر کھاتہ کھولے ہی آؤٹ ہو کر واپس لوٹ گئے۔ عظمت اللہ عمرزئی نے 10، گلبدین نائب نے 9، کریم جنت، کپتان راشد خان نے 8، 8، ابراہیم زدران، ننگیالیا کھروٹ اور نوین الحق نے 2، 2، رنز بنائے، یوں پوری افغان ٹیم 11.5 اوورز میں 56 رنز پر ڈھیر ہو گئی، ساؤتھ افریقہ کی جانب سے مارکو جانسن اور تبریز شمسی نے 3، 3، کاگیسوربادا اور اینریچ نورٹجے نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ جنوبی افریقہ کی اننگز 57 رنز کے ہدف کے جواب میں ساؤتھ افریقہ نے بیٹنگ شروع کی، افغان پلیئرز باؤلنگ میں بھی اچھی کارکردگی نہ دکھا سکے، فضل الحق فاروقی نے گزشتہ میچوں کی طرح اپنی پرفارمنس برقرار رکھی اور پہلے ہی اوور میں اوپنر کوئنٹن ڈی کوک کی وکٹ حاصل کی۔ کوئنٹن ڈی کوک کے آؤٹ ہونے کے بعد ریزا ہینڈرکس اور کپتان ایڈن مارکرم نے 8.5 اوورز میں ہدف آسانی سے عبور کر لیا، دونوں نے بالترتیب 29 اور 23 رنز بنائے، شاندار کامیابی کے ساتھ جنوبی افریقہ تاریخ میں پہلی بار کسی بھی میگا ایونٹ کے فائنل میں پہنچ گیا ہے۔ آج شام ساڑھے 7 بجے دوسرا سیمی فائنل بھارت اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا، جیتنے والی ٹیم کا مقابلہ فائنل میں جنوبی افریقہ سے ہو گا۔  افغان سکواڈ افغانستان کی ٹیم کی قیادت راشد خان نے کی، رحمان اللہ گرباز، ابراہیم زدران، گلبدین نائب، عظمت اللہ عمرزئی، محمد نبی، کریم جنت، ننگیالیا کھروٹ، نور احمد، نوین الحق اور فضل حق فاروقی سکواڈ کا حصہ تھے۔ جنوبی افریقی سکواڈ جنوبی افریقہ کی کپتانی کے فرائض ایڈن مارکرم نے سرانجام دیئے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کوئنٹن ڈی کوک، ریزا ہینڈرکس، ہینرک کلاسن، ڈیوڈ ملر، ٹرسٹن اسٹبس، مارکو جانسن، کیشو مہاراج، کاگیسو ربادا، اینریچ نورٹجے اور تبریز شمسی شامل تھے۔