ماہرہ خان کے ماموں کا انتقال ہوگیا، اداکارہ کی مداحوں سے دعاوں کی اپیل
06-26-2024
(ویب ڈیسک) پاکستان کی صفِ اول اداکارہ ماہرہ خان کے ماموں انتقال کرگئے، اداکارہ نے مداحوں سے دُعاؤں کی اپیل کردی۔
ماہرہ خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر اپنے مرحوم ماموں کی چند یادگار تصاویر پوسٹ کیں اور ساتھ ہی اُن کے ساتھ واٹس ایپ پر کی گئی آخری چیٹ کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا۔اداکارہ نے اپنی جذباتی پوسٹ میں کہا کہ میرے لیے یہ تصور کرنا بہت مشکل ہے کہ میرے ہینڈسم ماموں جان اب اس دنیا میں نہیں رہے، میں نے سُنا ہے کہ سب کے ماموں خاص ہوتے ہیں لیکن مجھے ایسا لگتا ہے کہ میرے ماموں جان سب سے زیادہ خاص تھے۔ اُنہوں نے اپنا حسین بچپن یاد کرتے ہوئے کہا کہ میرے ماموں نے مجھے سب سے خوبصورت بچپن دیا، اُنہوں نے میری نانی کو غیر مشروط محبت اور احترام دیا، اُنہوں نے میری خالہ کو باپ کی طرح پالا جبکہ وہ میری والدہ کے بھائی نہیں بلکہ اُن کی روح کے ساتھی تھے۔ ماہرہ خان نے کہا کہ میرے ماموں نے کبھی سخت لہجے میں بات نہیں کی، وہ ہمیشہ ہر ایک کے ساتھ شفقت سے پیش آتے تھے، وہ کبھی بھی ہمیں صبح بخیر کا میسج کرنا نہیں بھولتے تھے، وہ ہماری خوشی کی وجہ تھے۔اداکارہ نے کہا کہ ماموں کو دُنیا سے رخصت ہوئے دو ہفتے ہوگئے ہیں لیکن اب بھی میرے لیے یہ تحریر کرنا مشکل ہے، یہ وقت میری سوچ سے زیادہ مشکل ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم آپ (ماموں) کو یاد کرتے ہیں اور ہمیشہ یاد کرتے رہیں گے، مجھے یقین ہے کہ آپ نانا اور نانی کی بانہوں میں ہوں اور آپ کے برابر میں آپ کا بیٹا عُمر بھی ہوگا۔آخر میں ماہرہ خان نے مداحوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ براہِ کرم! میرے مرحوم ماموں اکبر خان کی مغفرت کے لیے دُعا کریں۔