والٹن روڈ پراجیکٹ کی جلد تکمیل ناگزیر ہے، مریم نواز

06-26-2024

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا ہے کہ والٹن روڈ پراجیکٹ کی جلد تکمیل ناگزیر ہے، تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز عوام کی مشکلات کا جائزہ لینے والٹن روڈ پہنچ گئیں، وزیراعلیٰ نے اے ڈی اے نالا والٹن روڈ کی ری ماڈلنگ اور اپ گریڈیشن پراجیکٹ کا دورہ کیا، مریم نواز نے ڈیفنس موڑ پر ٹریفک کی صورت حال کا بھی معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے سائٹ آفس میں خصوصی اجلاس میں شرکت کی، سی او او منصور جنجوعہ نے وزیراعلیٰ پنجاب کو پراجیکٹ پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ اے ڈی اے نالے کی تعمیر مکمل ہو چکی، دو ڈسپوزل سٹیشنز بھی تعمیر ہوں گے، قینچی اور فیروزپور روڈ سے ڈی ایچ اے جانے کے لئے اوور ہیڈ بریج بھی زیر تعمیر ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ستمبر تک والٹن روڈ کی تین رویہ کیرج وے ٹریفک کے لئے کھولنے کی ہدایت کر دی، اکتوبر تک دونوں اطراف چھ رویہ اے ڈی اے نالہ والٹن روڈ کھولنے کا حکم بھی دے دیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ والٹن روڈ کی جلد تکمیل کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، عوام کی سہولت اور آسانی اولین ترجیح ہے۔