میسی کا جادو اورعارف لوہار کا گیت، فیفا کے منفرد امتزاج نے دھوم مچادی
06-26-2024
(لاہور نیوز) پاکستان کے مایہ ناز فنکار عارف لوہار کے گیت ’آ تینوں موج کراواں ‘ کی دھوم فٹبال کی دنیا میں بھی پہنچ گئی،فیفا نے میسی کی سالگرہ پر اس ہردلعزیز گیت کے ساتھ میسی کو شاندار اندازمیں مبارکباد دے دی ۔
فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا بھی پاکستانی موسیقی کے سحر میں مبتلا ہوگئی، ایک روز قبل عارف لوہار کے ہر دل کی دھڑکن بن جانے والے اس گیت کو لیونل میسی کی سالگرہ کے موقع پر اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کردیا۔ارجنٹائن کے سٹار فٹبالر لیونل میسی کی سالگرہ کے موقع پر فیفا ورلڈ کپ کے انسٹاگرام پیج پر ایک ویڈیو شیئرکی گئی جس کا کیپشن اردو میں ’میسی کا جادو‘ درج تھا۔ ویڈیو میں میسی کی جھلکیاں دکھائی گئیں جبکہ بیک گراؤنڈ میوزک کے طور پر پاکستان کے گلوکار عارف لوہار کا گانا ’آ تینوں موج کراواں ‘ استعمال کیا گیا ہے۔میسی کی ویڈیو پر پاکستانی گانا اور پاکستانی زبان میں کیپشن دیکھ کر پاکستانی صارفین بھی حیران و پریشان رہ گئے ، مداحوں کو بھی ایسا لگا کہ جیسے یہ واقعی کوئی ’جادو‘ ہو گیا اورسوشل میڈیا پر صارفین نے اپنی اپنی رائے کااظہار کیا۔ ایک صارف نے کہا کہ شاید فیفا کا انسٹاگرام اکاؤنٹ کوئی پاکستانی چلا رہا ہے تو کسی کو محسوس ہوا کہ شاید فیفا کا اکاؤنٹ ہیک ہو گیا ہے۔ایک اور پاکستانی صارف نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’میسی ہم میں سے ہی ہیں۔‘ اور ایک نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ ’عارف لوہار ارجنٹینا پہنچ گئے ہیں۔‘ یاد رہے کہ پاکستان کے مایہ ناز فنکار عارف لوہار کا یہ گانا ریلیز کے بعد سے شہرت کی بلندیوں پر ہے، سوشل میڈیا پر اب تک کروڑوں صارفین اس گانے کی ویڈیو دیکھ چکے ہیں، ماضی میں پی ایس ایل اور کرکٹ ورلڈکپ کے دوان بھی یہ گانا زبان زدوعام رہا۔